تل ابیب،10اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)اسرائیلی فورسز نے جمعرات کے روز مغربی کنارے میں تین مشتبہ فلسطینی حملہ آوروں کے گھر منہدم کر دیے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ دیرابو مشعل نامی گاؤں میں ان حملہ آوروں کے گھر بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب منہدم کیے گئے، جب کہ اس دوران اس گاؤں میں کرفیو نافذ کر دیا گیا تھا۔ فلسطینی حکام کے مطابق ان تینوں فلسطینیوں پر الزام تھا کہ انہوں نے جون میں یروشلم میں فلسطینی پولیس پر حملہ کیا تھا۔ گھروں کے انہدام کے لیے اسرائیلی پولیس اس گاؤں میں پہنچی تو فلسطینیوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں، جب کہ اس موقع پر سکیورٹی فورسز کی جانب سے آنسو گیس اور ربڑ کی گولیوں کا استعمال بھی کیا گیا۔